20 نومبر ، 2021
کرکٹ بائی چانس کا مقولہ آپ نے بارہا سنا ہوگا کیونکہ اس کھیل میں اکثر قسمت کا بڑا عمل دخل ہوتا ہے، اکثر اوقات میچ کے دوران خوش قسمتی یا بدقسمتی سے ایسے واقعات پیش آتے ہیں جن پر کھلاڑیوں کو یقین ہی نہیں آتا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے انسٹاگرام پر ایک ایسی ہی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں بیٹر آؤٹ ہونے سے بال بال بچ جاتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ بولر کی جانب سے کرائی گئی گیند بیٹر سے مِس ہوکر وکٹ پر جالگی ، گیند واضح طور پر تیسری اسٹمپ کو چھوتے ہوئےگزرگئی جس سے ایک بیل اچھل کر تیسری اسٹمپ پر جم کر رہ گئی اور نیچے نہیں گری۔
اس پر بولر اور فیلڈرز بھی حیران رہ گئے اور انہوں نے آؤٹ کی اپیل بھی کی تاہم امپائر کی جانب سے ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا۔
خیال رہےکہ کرکٹ قوانین کی رو سے بیلز کا نیچے گرنا لازمی ہے اور اگر ایسا نہ ہوتو بیٹر ناٹ آؤٹ قرار دیا جاتا ہے۔
شعیب اختر نے ویڈیو کے ساتھ کمنٹ میں لکھا ہے کہ' قسمت اس کو کہہ سکتے ہیں ویسے'۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ انگلینڈ کے ایک مقامی کرکٹ کلب کا ہے جو کہ تقریباً 2 سال قبل پیش آیا تھا۔