22 نومبر ، 2021
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شادی اور اپنی آمدنی کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر قومی ٹیم کے کپتان کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں بابر اعظم کو ان سے متعلق گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے سوالات کا جوابات دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔
رہائش سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے بابر اعظم نے بتایا کہ وہ لاہور میں رہتے ہیں اور وہاں کی خاصیت ہے کہ وہاں کے کھانے بہت مشہور ہیں اور کرکٹ کے مشہور ٹیسٹ کرکٹر اور لیجنڈز کا تعلق لاہور سے ہی ہے۔
بلے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں قومی کپتان نے کہا کہ وہ گرینکل بیٹ استعمال کرتے ہیں جب کہ بلے کا وزن مختلف ملکوں کے اسٹیڈیم اور وہاں استعمال کیے جانے والے بلوں پر ہوتا ہے۔
کپتان کے مطابق وہ اپنے ساتھ 6 سے 7 بلے رکھتے ہیں، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کے بلوں کی تعداد کم رہے کیوں کہ زیادہ بلوں کے استعمال سے کنفیوژن پیدا ہوجاتی ہے اور وہ ہمیشہ بہترین بلوں کے ساتھ کھیلتے ہیں۔
آمدنی سے متعلق کیے گئے سوال پر بابر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی آمدنی نہیں بتائیں گے لیکن اتنا ضرور کہیں گے کہ ان کی آمدنی مداحوں کی سوچ سے کم ہی ہے۔
گوگل پر سرچ کیے جانے والے سوالات میں سے ایک سوال قومی کپتان کی شادی سے متعلق بھی تھا، اکثر لوگ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ بابر اعظم کب شادی کررہے ہیں؟ جس کے جواب میں بابر نے مداحوں کو بتایا کہ ابھی فی الحال وہ شادی نہیں کررہے کیوں کہ ان کی ساری توجہ کرکٹ پر ہے ، تاہم انہیں بھی نہیں پتا کہ ان کی شادی کب ہوگی ، یہ تو گھر والوں کو پتا ہے۔
بابر نے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وہ شروع سے ہی ان کو فولو کرتے ہیں اور ان کو کاپی بھی کرتے آئے ہیں۔