دنیا
Time 22 نومبر ، 2021

پاک فضائیہ نے جس کا طیارہ مار گرایا بھارت نے اسے اعزاز سے نواز دیا

پاکستانی فضائیہ کے پائلٹ سے طیارہ تباہ کرواکے گرفتار ہونے والے بھارتی فضائیہ کے گروپ کیپٹن ابھی نندن وردھمان کو بھارت نے ‘ویر چکر’ اعزاز سے نواز دیا۔

27 فروری 2019 کی علی الصبح بھارتی فوج کی جانب سے حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بالاکوٹ اورمقبوضہ کشمیر پر حملہ کیا گیا تھا۔

جس کا پاک فضائیہ نے بھر پور جواب دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اہم ٹارگٹس کو لاک کیا اور پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی مگ طیاروں کو مار گرایا تھا۔

بھارت کے صدر رام ناتھ کووند نے ایک تقریب میں ابھی نندن کو ویر چکر سے نوازا— فوٹو: بھارتی میڈیا
بھارت کے صدر رام ناتھ کووند نے ایک تقریب میں ابھی نندن کو ویر چکر سے نوازا— فوٹو: بھارتی میڈیا 

اس دوران تباہ ہونے والے ایک طیارے کا ملبہ پاکستانی حدود میں گرا جبکہ اس کے پائلٹ ابھی نندن کو بھی زندہ گرفتار کیا گیا جسے بعد میں جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں بھارت نے  بھارتی ائیرفورس کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کوگروپ کیپٹن کا رینک دیا گیا تھا اور اب بھارت نے اپنی سبکی مٹانے کیلئے پائلٹ ابھی نندن کو بھارتی فوج کے بہادری کے اعزاز ویر چکر سے نواز ہے۔

یہ اعزاز میدان جنگ میں بہادری پر دیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں ہزیمت اٹھانے والے پائلٹ کو ویر چکر دے کر مودی نے بھارت واسیوں کو ایک اور مودی چکر دے دیا۔

بھارت کے صدر رام ناتھ کووند نے ایک تقریب میں ابھی نندن کو ویر چکر سے نوازا۔

خیال رہے کہ فروری 2019 میں بھارتی فضائیہ کو پاکستان ائیرفورس نے عبرت ناک انجام سے دو چار کیا تو بھارت نے خفت مٹانے کیلئے پاکستانی ایف سولہ طیارہ مار گرانے کی بے بنیاد کہانی بنائی مگر خود بھارتی میڈیا نے بھارتی دعوؤں کو مشکوک قرار دے دیا تھا۔

اپریل 2019 میں بھارتی ٹی وی این ڈی ٹی وی نے امریکی جریدے فارن پالیسی کی رپورٹ کا حوالہ دیا جس کے مطابق امریکی حکام نے پاکستان میں گنتی کے بعد تمام ایف 16 طیارے صحیح سالم ہونے کی تصدیق کی تھی۔

بھارتی ٹی وی نے کہا تھاکہ ائیر فورس نے پاکستانی ایف 16 سے داغے جانے والے ایم ریم میزائل کے ٹکڑے بطور شواہد تو دکھائے مگر ایسا کوئی اشارہ تک نہیں دیا کہ ابھی نندن نے پاکستان کا ایف 16 طیارہ گرایا ہے جس کا دعویٰ ائیرفورس اور بھارتی حکومت کررہے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ابھی نندن کے تباہ مگ 21 طیارے سے کوئی میزائل چلا ہی نہیں تھا، شاید ابھی نندن نے طیارہ گرانے کیلئے پستول چلائی ہو۔ 

مزید خبریں :