Time 24 نومبر ، 2021
پاکستان

مریم نے چینلز کے اشتہارات روکنے سے متعلق اپنا آڈیو کِلپ درست ہونے کا اعتراف کرلیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے 4 چینلز کے اشتہارات روکنے سے متعلق اپنی آڈیو کے درست ہونے کا اعتراف کرلیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھاکہ جس سازش کے مہرے ثاقب نثارہیں، اسی کے تحت عمران خان اقتدارمیں آئے، عمران خان ثاقب نثار کو نہیں خود کو بچا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومتی وزرا دفاع کرتے کرتے ہلکان ہورہے ہیں، شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بنے ہوئے ہیں۔

اس دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ میڈیا کے اشتہارات روکنے سے متعلق ان دنوں سوشل میڈیا پر آپ کا ایک آڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے اس حوالے سے کیا کہیں گی؟ جس پر مریم نواز نے کہا کہ وہ آواز ان ہی کی ہے اور آڈیو درست ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں یہ نہیں کہہ رہی کہ وہ آڈیو جوڑ جوڑ کر بنائی گئی ہے یا میری آواز نہیں ہے، وہ میری آواز ہے۔‘

مریم نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’یہ کافی پرانی بات ہے ، تب میں پارٹی کا میڈیا سیل چلارہی تھی، وہ بہت پرانی ہے لیکن میں نے جب کہہ دیا کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ فلاں تقریر سے  توڑ جوڑ کر بنائی گئی ہے تو یہ بات سامنے آگئی، آج کا جو ٹاپک ہے اسی پر رہیں، اُس معاملے پر میں بہت لمبی بات کرسکتی ہوں۔‘ 

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں مریم نواز کسی کو کہہ رہی ہیں کہ چار چینلز کو کوئی اشتہار نہیں جائے گا۔

مزید خبریں :