Time 29 نومبر ، 2021
پاکستان

اسد عمر نے اومی کرون کو پاکستان آنے سے روکنا ناممکن قرار دیدیا

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کو پاکستان آنے سے روکنا ناممکن قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ کورونا کا نیا ویرینٹ انتہائی خطرناک ہے جو دنیا بھر میں پھیل رہا ہے اور نئی قسم سے متعلق این سی اوسی نے کچھ فیصلے کیے ہیں، ہائی رسک ایریا میں ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے ساتھ کورونا ٹیسٹنگ میں تیزی لانے اور موثر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ این سی او سی میں تمام فیصلے مستقبل کو سامنے رکھ کر کیے جائیں گے، پاکستان میں نئے ویرینٹ کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں لیکن نئی قسم کے خلاف ویکسی نیشن ہی بچاؤ کا مؤثرذریعہ ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ باہر سے آنے والوں کیلئے مزید اقدامات کرنے جارہے ہیں، ہم احتیاط کرکے نئے ویرینٹ کے اثرات کم کرسکتے ہیں لیکن اسے روک نہیں سکتے، پاکستان میں ویکسی نیشن کے باعث کئی ہفتوں سے کورونا کی شرح کم رہی، اگلے دو سے تین دن میں ویکسی نیشن کی بڑی مہم  شروع کررہے ہیں، جن تین کروڑ پاکستانیوں نے ایک ڈوز لگوا لی ہے وہ آج ہی دوسری ڈوز لگوائیں، تمام اقدامات کر کے کورونا کی نئی قسم میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے لوگوں کو ویکسین بوسٹر لگایا جائے گا جن کو کورونا کا زیادہ خطرہ ہے۔

مزید خبریں :