Time 01 دسمبر ، 2021
پاکستان

کراچی: سندھ بار کونسل کے سیکرٹری قاتلانہ حملے میں جاں بحق

کراچی کے علاقے گلستان جوہر  میں سیکرٹری سندھ بار کونسل عرفان علی مہر قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق عرفان مہر کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ گلستان جوہر بلاک 13 میں پیش آیا، عرفان علی مہر کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے عرفان پر پے در پے کئی گولیاں ماریں اور فرار ہو گئے جبکہ وکیل رہنما نعیم قریشی ایڈووکیٹ کے مطابق 45 سالہ عرفان مہر گلستان جوہر کے رہائشی تھے اور اپنی بچی کو کار میں اسکول چھوڑنے کے لیے بلاک 13 میں پہنچے تو واپسی پر موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے انہیں کار میں ہی نشانہ بنایا۔

جائے وقوعہ سے 30بورپستول کے 3 خول ملے:  ایس ایس پی ایسٹ

 ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے وقت گاڑی میں عرفان علی مہرکے ہمراہ ان کا بھتیجا بھی تھاجو محفوظ رہا، عرفان مہر کو 3 گولیاں لگیں، پولیس کو جائے وقوعہ سے 30بورپستول کے 3 خول ملے ہیں۔

گلستان جوہر میں فائرنگ سے وکیل کی ہلاکت کے واقعے کی سی سی ٹی وی بھی پولیس کو موصول ہو گئی ہے، ویڈیو میں ملزمان کو ہیلمٹ پہنے دیکھا جا سکتا ہے اور ملزم کو گاڑی پر فائرنگ کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کا ہڑتال کا اعلان

کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے اور جنرل سیکریٹری کراچی بارایسوسی ایشن عامر نواز وڑائچ نے مطالبہ کیا ہے کہ عرفان علی مہرکےقاتل کوگرفتار کرکے سزادی جائے۔

کراچی بار ایسوسی ایشن نے عرفان علی مہر کے قتل پر آج عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے احتجاجاً عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :