ویڈیو: شہناز گِل وقت گزارنے یتیم خانے پہنچ گئیں

معروف بھارتی اداکارہ شہناز گِل اپنے قریبی دوست اداکار سدھارتھ شکلا کی موت کے تقریباً 2 ماہ بعد غیر  رسمی طور پر میڈیا کے سامنے آئی ہیں۔

اِس سے قبل بھی شہناز کی کئی ویڈیوز  بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری کی جا چکی ہیں جن میں وہ اپنی ڈیبیو فلم ’حوصلہ رکھ‘ کی پروموشن میں مصروف تھیں۔

تاہم گزشتہ روز شہناز گِل نے بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر کے ایک یتیم خانے کا دورہ کیا اور وہاں موجود بچوں سے گھل مل گئیں، ویڈیو اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہناز اس موقع پرکافی پرسکون نظر آرہی ہیں۔

اداکارہ کی ویڈیوز اور تصاور پر مداحوں کی بڑی تعداد نے تبصرے پیش کیے اور شہناز گل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ساتھ ہی صارفین اس موقع پر سدھارتھ شکلا کو بھی فراموش نہ کرسکے۔

خیال رہے کہ شہناز اور سدھارتھ نے رئیلٹی شو بگ باس کے سیزن 13 میں شرکت کی تھی جس کی ٹرافی سدھارتھ نے اپنے نام کی تھی، دونوں ہی اداکار اس سیزن کے مقبول ترین امیدوار بن کر سامنے آئے تھے۔

رواں برس 2 ستمبر کو سدھارتھ اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے تھے اور ڈاکٹروں کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔

مزید خبریں :