دنیا
Time 02 دسمبر ، 2021

طیب اردوان نے وزیر خزانہ کو عہدے سے ہٹادیا

ترک صدر نے نائب وزیر خزانہ نیئر الدین نباتی کو نیا وزیر خزانہ مقرر کیا ہے: میڈیا رپورٹس/ فائل فوٹو
ترک صدر نے نائب وزیر خزانہ نیئر الدین نباتی کو نیا وزیر خزانہ مقرر کیا ہے: میڈیا رپورٹس/ فائل فوٹو

ترک صدر طیب اردوان نے ملک کی خراب معاشی صورتحال پر وزیر خزانہ کو عہدے سے ہٹادیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی میں بڑھتی مہنگائی، کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی اور خراب معاشی صورتحال پر ترک صدر نے وزیر خزانہ کو عہدے سے ہٹایا۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق رواں سال اب تک ترکی کی کرنسی کی قدر میں ڈالر کے مقابلے 40 فیصد کمی ہوئی ہے جس سے مارکیٹ میں لیرا کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق وزیر خزانہ کو تبدیل کیے جانے کا حکم بدھ کو رات گئے جاری کیا گیا جس کے بعد وزیر خزانہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا جسے ترک صدر نے منظور کرلیا۔

ترک صدر نے نائب وزیر خزانہ نیئر الدین نباتی کو نیا وزیر خزانہ مقرر کیا ہے۔

مستعفی ہونے والے وزیر خزانہ کو گزشتہ سال نومبر میں اس وقت عہدے پر فائز کیا گیا تھا جب ترک صدر کے داماد نے وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

واضح رہےکہ اس سے قبل ملک کی خراب معاشی صورتحال پر ترک صدر طیب اردوان نے مرکزی بینک کے ڈپٹی گورنر کو بھی برطرف کیا تھا۔

مزید خبریں :