06 دسمبر ، 2021
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 23 مارچ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف مہنگائی مارچ کا اعلان کردیا۔
پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ 2018 کےالیکشن میں دھاندلی سے موجودہ حکومت وجود میں آئی۔
ان کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم 23 مارچ کواسلام آباد کی طرف مہنگائی مارچ کرےگی جس کیلئے صوبائی سطح پر پی ڈی ایم کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک نمائندہ سیمینار بھی ہوگا جس کی وکلا برادری سے بھی مشاورت کی جائے گی جبکہ کل پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
سیالکوٹ واقعے سے متعلق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ اجلاس میں سیالکوٹ واقعے کی بھرپور مذمت کی گئی، کسی شہری کو قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں پہنچتا، آئندہ اس قسم کےواقعات کی روک تھام ہونی چاہیے۔
استعفوں سے متعلق سربراہ اتحاد کا کہنا تھاکہ اسمبلیوں سے استعفوں کے کارڈ کا فیصلہ اپنی مرضی سے کریں گے، جدوجہد اور تحریکوں میں حتمی فیصلہ نہیں دیا جاسکتا، بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران پی ڈی ایم کی صدارت سے ہٹنے کی خبروں پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ناراض نہ ہوں، میڈیا سے احتجاج کرتا ہوں، آپ نےغلط خبرچلائی۔