06 دسمبر ، 2021
سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کی میت سری لنکا پہنچادی گئی۔
پریانتھا کمارا کی میت دوپہر میں لاہور سے سری لنکن طیارے کی پرواز میں روانہ کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی اور صوبائی وزیر اعجاز عالم کے ہمراہ سری لنکن ہائی کمیشن اور پاکستانی حکام بھی موجود تھے۔
سری لنکن پرواز مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے کولمبو پہنچی۔ سری لنکن میڈیا کے مطابق آج کسی بھی وقت فیکٹری منیجر کی میت ورثا کے حوالے کی جائے گی۔
3 دسمبر کو سیالکوٹ کی اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔
انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز نے منیجر کو اوپر سے نیچے پھینک دیا اور پھر لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔