07 دسمبر ، 2021
لاہور میں کاہنہ کاچھا ریلوےاسٹیشن کے قریب اسسٹنٹ ڈرائیور ٹرین روک کر دہی لینے بازار چلا گیا جبکہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کاہنہ کاچھا ریلوےاسٹیشن کے قریب ٹرین رکی ہوئی ہے اور اسسٹنٹ ڈرائیور کے دہی لیکر واپس آنے پر ٹرین چل پڑتی ہے جبکہ انجن پر 5217 نمبر درج ہے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے اسسٹنٹ ڈرائیور کی ٹرین روک کردہی خریدنےکی ویڈیو کا نوٹس لے لیا اور ٹرین ڈرائیور رانا شہزاد اور اسسٹنٹ ڈرائیور افتخار حسین کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔
ان کا کہنا تھاکہ اس طرح کے واقعات برداشت نہیں کیے جائیں گے، پاکستان ریلوے قومی امانت ہے، ذاتی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونےدیں گے۔