10 دسمبر ، 2021
کوئٹہ میں مجبور لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بناکر انہیں بلیک میل کرنے کا شرمناک اسکینڈل منظر عام پر آیا ہے۔
ملزمان کی جانب سے مجبور لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز وائرل کر دی گئیں جبکہ معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کر دیا ہے اور مرکزی ملزم سمیت دو افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے اور دونوں ملزمان 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان بھائی ہیں، ملزمان کے لیپ ٹاپ اور دوسری ڈیوائسز سے برآمد ویڈیوز فارنزک کیلئے بجھوا دی گئی ہیں اور ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ ویڈیو اسکینڈل انتہائی افسوسناک ہے اور اس واقعے نے معاشرے کو ہلا کر رکھ دیاہے، ویڈیو اسکینڈل میں ملوث ملزم کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچا ئیں گے۔