10 دسمبر ، 2021
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں جھگیاں گرانے سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ای 11 کی جھونپڑی میں رہنے والی خاتون کی عارضی درخواست پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ نیول گالف کورس کو تو سی ڈی اے نے دو ہزار بارہ میں نوٹس دیا، واگزار کرانے کی جرات نہ کرسکے لیکن سی ڈی اے غریب کی جھگی گرانے میں دیرنہیں لگاتا۔
عدالت نے سی ڈی اے کو ای 11 میں جھگیوں کے خلاف آپریشن سے روکتے ہوئے تین وکلا عدنان رندھاوا، عمر اعجاز گیلانی اور دانیال حسن پر مشتمل عدالتی کمیشن تشکیل دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے حکام کے ہمراہ کمیشن کو فوری جھگیوں کا وزٹ کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ کمیشن جھگیوں کا وزٹ کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کروائے۔
ہائیکورٹ نے خاتون کی عارضی درخواست رٹ پٹیشن میں تبدیل کرتے ہوئے سی ڈی اے کو نوٹس جاری کردیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہرمن اللہ کا کہنا تھاکہ معاشرے کا یہ طبقہ وکیل کی خدمات نہیں لے سکتا۔
عدالت نے سی ڈی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کردی۔