12 دسمبر ، 2021
وزیراعظم عمران خان نے گوادر میں ماہی گیروں کی جانب سے ایک ماہ سے جاری دھرنے کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ گوادر کے ماہی گیروں کے جائز مطالبات کا نوٹس لیا ہے، ٹرالرز کے ذریعے غیر قانونی ماہی گیری کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ غیر قانونی ٹرالرز سے مچھلی کے شکار پر وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات کروں گا۔
امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم ضدی لوگ نہیں ہیں، حل پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعظم نے اعلان کیا ہے تو مثبت سمجھتے ہوئے اس کا خیرمقدم کرتےہیں۔
مولاناہدایت الرحمان بلوچ کا کہنا تھا کہ گوادر کے مسائل حل ہوں تو ہم سے زیادہ خوشی کسے ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ عملدرآمد کا ہے، وزیراعظم نے نوٹس لیا ہے تو عملدرآمد کی توقع ہے، امید ہے کہ ہماری توقع پوری ہو گی۔