Geo News
Geo News

Time 13 دسمبر ، 2021
پاکستان

کراچی میں شوہر کی فائرنگ سے سابقہ بیوی اور اس کا بھائی جاں بحق، دوسرا بھائی زخمی

کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ میں زمین کے تنازع پر ایک شخص نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے اپنی سابقہ اہلیہ اور اس کے بھائی کو قتل کر دیا جبکہ دوسرا بھائی زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق پٹیل پاڑہ میں فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو زخمی دم توڑ گئے۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں زیب النساء اور ہارون شامل ہیں جبکہ انور نامی شخص زخمی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق دونوں افراد بہن بھائی ہیں جبکہ مقتولین کا ایک بھائی زخمی ہے جو اسپتال میں زیر علاج ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ فائرنگ مقتولہ کے سابق شوہر  بخت بلند اور  اس کے بھائی یوسف رحمان نے کی، ملزم بخت بلند نے ڈیڑھ سال قبل دوسری شادی کرلی تھی اور دوسری شادی پر مقتولہ نے عدالت سے بچوں کی کسٹڈی حاصل کرلی تھی۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ مقتولہ بچوں کو لے کر اپنے بھائیوں کے گھر آگئی تھی جبکہ ملزم بخت بلند بھی چند روز سے کراچی آیا ہوا تھا اور رشتہ داروں کے پاس رکا ہوا تھا، آج صبح ملزم بخت بلند اور اس کے بھائی یوسف رحمان نےگھر میں گھس کر فائرنگ کر دی۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 4 گولیوں کے خول اور ایک 9 ایم ایم پستول ملا ہے، واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔