14 دسمبر ، 2021
کراچی کے علاقے نیو کراچی میں گھر سے آفس جانے والی 20 سالہ لڑکی کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق 20 سالہ لڑکی گھر سے آفس کے لیے جا رہی تھی کہ گلی کے کونے پر حملہ آور نے اس پر تیز دھار آلے کی مدد سے حملہ کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ لڑکی پیشے کے اعتبار سے وکالت سے وابستہ تھی، لڑکی کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ قتل کی واردات میں مقتولہ کا پڑوسی غضنفر ملوث ہے، پولیس نے موقع پرپہنچ کرملزم کےبھائیوں کو حراست میں لے لیا ہے، مقتولہ صبا اپنے ملازم کے ساتھ موٹر سائیکل پر کہیں جا رہی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان خاتون کو قتل کرنے کے بعد ملزم فرارہو گیا تھا، مقتولہ اور ملزم کے اہلخانہ میں پہلے بھی کچرا پھینکنے پر جھگڑا ہوتا رہا ہے۔