Time 14 دسمبر ، 2021
پاکستان

نقیب قتل کیس: راؤ انوار واقعے کے مقام پر موجود تھے، سابق تفتیشی افسر کا بیان ریکارڈ

کراچی میں جعلی پولیس مقابلے میں مارے جانے والے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق تفتیشی افسر ڈاکٹر رضوان نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرادیا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور کیس کے سابق تفتیشی افسر ڈاکٹر رضوان نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرادیا۔

بطور گواہ عدالت کو اپنےبیان میں ڈاکٹر رضوان نے کہا کہ ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار جائے وقوعہ پر موجود تھے، سی ڈی آراور جیو فینسنگ کا ریکارڈ موجود ہے، راؤ انوار رات 2 بجکر 41 منٹ سے 5 بجکر 18 منٹ تک جعلی پولیس مقابلے کی جگہ موجود تھے۔

انہوں نے بتایا کہ 4، 5، 8 اور 9 جنوری کو راؤ انوار سبزی منڈی تھانے کے چکر بھی لگاتے رہے جہاں نقیب اللہ، حضرت علی اور قاسم کو اغوا کرکے رکھا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھاکہ شکیل فیروز، اظہر اور امان اللہ مروت پولیس موبائل میں مقابلے سے ایک دن پہلے جائے وقوعہ گئے تھے جبکہ دیگر گواہوں کے بیانات کی روشنی میں ملزمان واقعے میں ملوث ہیں۔

آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا گواہ ڈاکٹر رضوان کے بیان پر جرح کریں گے جبکہ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 جنوری تک ملتوی کردی ۔

مزید خبریں :