15 دسمبر ، 2021
امریکی ایوان نمائندگان نے مسلم ڈیموکریٹ رکن الہان عمر کا پیش کردہ اسلاموفوبیا کے خلاف بل منظور کر لیا۔
بل کا مقصد دنیا بھرمیں اسلاموفوبیا کے واقعات کو امریکی محکمہ خارجہ کےعلم میں لانا ہے۔
بل منظوری کے بعد امریکی محکمہ خارجہ میں خصوصی نمائندہ مقرر کیا جائے گا جو محکمہ خارجہ کو اسلاموفوبیا واقعات کی رپورٹ کرے گا۔
اسلاموفوبیا کے خلاف بل کے حق میں تمام ڈیموکریٹس ارکان کے 219 ووٹ آئے جبکہ تمام 212 ری پبلکن ارکان نے بل کی مخالفت میں ووٹ دیے۔
اسلاموفوبیا کے خلاف بل پیش کرنے کے دوران بھی الہان عمر کو ری پبلکن رکن کانگریس کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
بحث کے دوران ری پبلکن رکن اسکاٹ پیری نے الہان عمر پر دہشت گرد تنظیم سے تعلق ہونے کا الزام لگایا تاہم بل منظور ہونے کے بعد اسکاٹ پیری کے الفاظ ایوان کی کارروائی سے حذف کر دیے گئے۔