Time 18 دسمبر ، 2021
پاکستان

اسلام آباد پولیس کا بدنام زمانہ گینگ سے مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک

آئی جی اسلام آباد احسن یونس کی زیر نگرانی ہونے والے پولیس مقابلے میں بدنام زمانہ بلال گینگ کے 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 پولیس اہلکار  زخمی بھی ہوئے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا بتانا ہے کہ بحریہ ٹاؤن فیز ایٹ میں پولیس ٹیم پر ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس میں ایک اہلکار  زخمی ہوا، تعاقب پر ڈاکو تھانہ روات کی حدود میں ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک گھر میں گھس گئے۔

ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے گھر کو گھیرے میں لیا تو ڈاکوؤں نے دوبارہ پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوئے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اسلام آباد پولیس کے مزید 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔

آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فیز ایٹ سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی تک ملزمان سے 3 بار فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور آپریشن کی خود نگرانی کرتا رہا۔

احسن یونس کا کہنا تھا کہ پولیس مقابلے میں مارے گئے ڈاکوؤں میں بلال گینگ کے واجد اور ارشد شامل ہیں جبکہ فرار ہونے والے 3 ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔

مزید خبریں :