پاکستان
Time 21 دسمبر ، 2021

ٹکٹس کی تقسیم درست کرلی جائے تو ہمارا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا، فواد چوہدری

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے طاقتور بلدیاتی نظام کا جو وعدہ کیا تھا، وہ پورا کر دیا  0151فوٹو: فائل
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے طاقتور بلدیاتی نظام کا جو وعدہ کیا تھا، وہ پورا کر دیا  0151فوٹو: فائل 

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں ، ان انتخابات سے پی ٹی آئی کی غیر مقبولیت ظاہر نہیں ہوتی۔

فواد چوہدری  نے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات سےمتعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ  خیبر پختونخوا میں 17 تحصیل نشستیں پی ٹی آئی نے جیتی ہیں  جبکہ کئی جگہوں پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں ، ان انتخابات سے پی ٹی آئی کی غیر مقبولیت ظاہر نہیں ہوتی ، پی ٹی آئی کے چار ،چار لوگوں نے کئی جگہوں پر آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا اگر پی ٹی آئی اور آزاد امیدواروں کے ووٹ یکجا کرلیں تو یہ ووٹ بینک تحریک انصاف کا ہی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے طاقتور بلدیاتی نظام کا جو وعدہ کیا تھا، وہ پورا کر دیا  جبکہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی مقبولیت اب بھی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بلاول اور مریم کے حوالے نہیں کیا جا سکتا، ان کی حیثیت عمران خان کے مقابلے میں سیاسی بونوں جیسی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی میں ٹکٹس کی تقسیم کو درست کرلیا جائے اور ایک امیدوار پی ٹی آئی کا الیکشن لڑے تو ووٹ بینک کا درست اندازہ ہو جائے گا کہ ہمارا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا معاملہ مقامی ایشوز پر ہوتا ہے، اس میں قومی رنگ نہیں ہوتا، اس میں اختلافات بھی شامل ہوتے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں دوسرے مرحلے کے انتخابات اور پنجاب میں الیکشن متاثر نہیں ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا  کہ پنجاب میں الیکشن پی ٹی آئی اور ن لیگ کے درمیان جبکہ سندھ میں پی ٹی آئی اور پی پی پی کے درمیان ہونا ہے، باقی چھوٹے مہمان اداکار ہیں، وہ ادھر ادھر کی باتیں کرتے پھریں گے۔ 



مزید خبریں :