24 دسمبر ، 2021
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات سامنے آرہے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ای او ایم کے حصول میں انٹرنیشنل ٹینڈرنگ کے علاوہ مختلف مراحل ہیں، پیپرا رولز اور عالمی معیار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جبکہ یقینی بنانا ہے مشین کی ٹینڈر نگ کسی خاص وینڈر کیلئے نہ ہو۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ مشینوں کی تیسری پارٹی سے ٹیسٹنگ بھی ضروری ہے تا کہ انتخابات صاف شفاف ہوں۔
ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن کی تین کمیٹیاں اپنا کام پوری ذمہ داری سے کررہی ہیں، ای وی ایم پر قانون سازی سے پہلے بھی ٹیکنالوجی سے متعلق اقدامات اٹھائے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ کچھ لوگوں کو اس ٹیکنالوجی سے متعلق زیادہ ادارک نہیں، ای او ایم سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات سامنے آرہے ہیں جو عوام ، سول سوسائٹی، تنظیموں اور میڈیا کو گمراہ کرنے کے مترادف ہیں۔
ترجمان کے مطابق اگر کسی کو کوئی وضاحت چاہیے تو الیکشن کمیشن کے دروازے کھلے ہیں، الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت نہ کی جائے اور دباؤ میں لانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن قانون اور آئین کے تحت اپنی ذمہ داری ادا کرنے کا پابند ہے، الیکشن کمیشن بغیر کسی دباؤ کے اپنے فرائض سرانجام دیتا رہے گا۔