25 دسمبر ، 2021
بالی وڈ کی اداکار جوڑی کرینہ کپور اور سیف علی خان کے بچوں کو جہاں اب تک میڈیا کی خاص توجہ حاصل رہی وہیں اب اداکار جوڑی کے بچے تعلیمی امتحان کا بھی حصہ بن گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیا پردیش کے ضلع کھنڈوا کے اکیڈمک ہائٹس پبلک اسکول میں بچوں سے امتحان میں کرینہ اور سیف کے بیٹے کے نام پوچھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسکول میں چھٹی جماعت کے طالب علموں سے امتحان میں حالاتِ حاضرہ کے سیکشن میں سیف اور کرینہ کے بیٹے کا پورا نام لکھنے کو کہا گیا۔
اسکول انتظامیہ کو امتحان میں یہ سوال دینا بھاری پڑی گیا کیونکہ طلبہ کے والدین اور اسکول میں پیرنٹس باڈی نے بھارتی محکمہ تعلیم سے اسکول انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی ایجوکیشن آفیسر کے مطابق اس معاملے پر اسکول کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے جس کا جواب آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔