Time 27 دسمبر ، 2021
پاکستان

کراچی میں بارش سے موسم سرد، مختلف علاقوں میں پانی جمع، بجلی معطل

رات گئے شروع ہونے والی بارش دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہی جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے— فوٹو: فائل
رات گئے شروع ہونے والی بارش دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہی جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے— فوٹو: فائل

کراچی میں رواں موسم سرما کی پہلی بارش، رات گئے شروع ہونے والی بارش  دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہی جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

 محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کل دوپہر تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی، کہیں ہلکی اور کہیں اوسط درجے کی  لیکن کہیں کہیں تیز بھی ہوسکتی ہے۔

بارش کی وجہ سے شہر کی مختلف شاہراہوں پر لوگ بھیگتے ہوئے دفاتر پہنچے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ مکران کے ساحل سے کراچی تک موجود ہے، ہوا کے کم دباؤ کو بحیرہ عرب سے نمی مل رہی ہے،وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ کل دوپہر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

سڑکوں پر پانی جمع، ٹریفک متاثر

کراچی کے مختلف مقامات پر بارش کا پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

تبت سینٹر سے ریگل چوک جانے والی سڑک پر بارش کا پانی جمع ہے، ریگل چوک سے سعید منزل جانے والی سڑک ، ایم اےجناح روڈ  پر تبت سینٹر سے گل پلازہ جانے والی سڑک پر بھی پانی موجود ہے۔

اس کے علاوہ  اللہ والی چورنگی سے طارق روڈ، ایم آر کیانی چورنگی پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ جیل روڈ، ایف ٹی سی سے نرسری جانے والی سڑک پر ٹریفک جام ہے۔ ڈینسو ہال سے بولٹن مارکیٹ جانے والی سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

گرومندر، سائٹ ایریا، سولجر بازار، ائیرپورٹ کے اطراف بھی بارش کا پانی جمع ہے۔

100 سے زائد فیڈرز ٹرپ

کراچی میں صبح سے جاری بارش کی وجہ سے 100سے زائد فیڈرز بند ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے  متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

 لیاری،کھارادر، ملیر کے کچھ علاقوں ،لیاقت آباد میں بجلی کی فراہمی بند ہے۔ اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ  حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی جزوی طور پر بند کی ہے،  1900 فیڈرزمیں سے1790 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے۔

مزید خبریں :