بلاگ

2022 کو کامیاب بنانے کے طریقے

نئے سال کی پلاننگ پر مشتمل میر ا پہلاکالم 2016 میں شائع ہوا تھا، پوری کوشش ہوتی ہے کہ سال کے شرو ع میں لکھے گئے اہداف کوحاصل کروں،خواہش تھی کہ پاکستان کے پہلے منفرد پروجیکٹ الامین اکیڈمی سی ایس ایس اور پی ایم ایس اسکالرشپ کے تحت کم وسیلہ مگرہونہار طلبا وطالبات کو 2021 میں کامیاب کرائیں گے، عہد کورونامیں تین بار لاک ڈاؤن ہونے کے باوجود ہمارے 16امیدوار اسسٹنٹ کمشنر بنے۔

آج میری آپ سے کچھ گزارشات ہیں فرائض و واجبات، توبہ استغفار اور درود شریف کی کثرت کریں، نئی ڈائری آج ہی خرید لیں، دوستوں کی فہرست میں مسلسل اضافہ کرتے جائیں، اپنے اندر مستقل مزاجی اوراحساسِ ذمہ داری پیدا کریں، وقت کی قدر کریں کیو نکہ آپ کا وقت اللّٰہ کی امانت ہے۔

جن سے لڑائی ہے ان سے صلح کرنے میں پہل کریں خود ان کو کال کر کے صلح کا پیغام دیں اس سے آپ کا 2022 کامیاب ہوگا ورنہ ممکن ہے یہ لڑائی اس سال آپ کو ناقابلِ بیان نقصان پہنچا دے، صلح سے ممکن ہےکہ آپ کو اپنی سوچ سے بھی زیادہ فائدہ پہنچے۔

یکم جنوی 2021کو کہہ دیا تھا کہ مہنگائی آنے والے دنوں میں مزید بڑھے گی۔ آج بھی کہتا ہوں کہ آمدن کے ذرائع بڑھائیں۔ روزانہ پیسوں کا حساب رکھیں، بیگم اوربچوں کو بھی آمدن واخراجات لکھنے کی تلقین کریں، ملازمت کو دل، دماغ اور روح سے نکال باہر پھینکیں، 2022 میں ہر صورت میں بے شک چھوٹے پیمانے پر کاروبار ضرور شروع کریں، آن لائن کاروبار کی طرف آ جائیں، خود کاروبار کریں اور دوسروں کو اس کی طرف مائل کریں۔

اگر کاروبار کر رہے ہیں تو گاہکوں کو برقرار رکھنے کے لیے دیانتداری کے ساتھ ساتھ جدید کاروباری حکمتِ عملی بھی استعمال کریں،آپ اگراپنا کاروبار تین برسوں میں پاؤں پر کھڑا کرنے میں کامیاب ہو گئے تو پھر مستقبل آپ کا ہے، زندگی پرعزم طریقے سے گزارنے کا نام ہے۔

ہم عصر لوگوں کے ساتھ مقابلے کی دوڑ سے باہر نکل آئیں، ہمیشہ مختلف اور نیا سوچیں، نظم وضبط کی دنیا سے پیار کریں، اپنے حریفوں کو کبھی زبان سے جواب نہ دیں بلکہ اپنے کام کام اور کام سے جواب دیں، کسی دوست کے ساتھ مقابلہ نہ کریں کیونکہ اللّٰہ نے ہر فرد ہر کام کے لیے پیدا نہیں کیا،اپنی خواہشات کی تکمیل حکمت عملی سے کریں، لیکن دوسروں کی خواہشات کا قتل ہرگز مناسب نہیں، ہر انسان کا اپنا مقدر ہوتا ہے کوئی کسی کی تقدیر کا خالق نہیں ہوتا، 

زندگی میں طے کریں کہ آپ نے کسی ایک کا م میں ماہر بننا ہے، اوراسی کام میں جینا اور اسی کام میں مرنا ہے، 2022 میں آپ کا علم، آپ کا کردار، آپ کا اخلاق، آپ کی سچائی، آپ کا خاندانی وقاراورآپ کا کام آپ کی پہچان بن جانا چاہیے ۔ 

نئی ریسرچ اور ترقی کے سامنے کبھی ضد نہ کریں کیونکہ ریسرچ وترقی ہی ایک ایسا عمل ہے جس کے سامنے آپ کھڑے نہیں ہوسکتے۔ اگر ترقی کے ساتھ چلنا شروع ہو جائیں گے تو زندگی میں کامیا ب ہو جائیں گے اوراگر رُک جائیں گے توضائع ہو جائیں گے۔

 آپ کیونکہ اکیلے وقتی طورپر تیز چل سکتے ہیں لیکن دور تک تنہا نہیں جا سکتے،لہٰذا اگر کامیابی حاصل کر نا چاہتے ہیں تو دوسروں کو ساتھ لیکر چلیں، رُکے پانی سے وضوجائز نہیں تو رُکی ہوئی زندگی سے ترقی کیسے ممکن ہے؟

 جلدی سونے اور جلدی اٹھنے کی عادت بنائیں، دفتری کاموں اور کاروبارمیں وقت کی اہمیت کو جانیں، خود کو سمجھیں، اپنی زندگی سےخوش ہو جائیں کیونکہ جو اپنی زندگی سے خوش نہیں،وہ بھرپور زندگی نہیں گزار سکتا، لوگوں کو سننے کا حوصلہ اپنے اندر پیدا کریں، فیس بک کو کم سے کم استعمال کریں اس کے لیے ضروری ہے موبائل ڈیٹا صرف مخصوص اوقات میں آن کریں،کسی کے پا س جائیں یا کوئی آپ کے پاس آئے تواس دوران موبائل کا استعمال ہرگز نہ کریں بچوں کے سامنے مجبوری کے علاوہ ہرگز موبائل استعمال نہ کریں، کیونکہ جب آپ بیگم و بچوں کے سامنے موبائل پر زیادہ توجہ دیتے ہیں تو اس سے گھروں میں ہزار قسم کی خرافات جنم لے سکتی ہیں البتہ انہیں اچھی وڈیوز ضرور دکھائیں، بچوں کو خود فیصلہ کرنے کی عادت ڈالیں۔ 

جینیاتی مسائل یعنی خاندانی عادتیں صرف اور صرف مثبت ماحول میں بیٹھ کر بدلی جا سکتی ہیں۔ دلی مسکراہٹ کے بغیرکسی کو نہ ملیں اور مصنوعی مسکراہٹ چہرے پر بالکل نہ سجائیں۔ پرجوش لوگوں سے ملا کریں، پرجوش رکھنے والی فلمیں اورمزاحیہ پروگرام دیکھا کریں، سوچ مثبت کریں، روزانہ واک اوربرش کریں، اچھامعیاری لباس، چمکتے شوز، مسکراہٹ والا چہرہ، دماغ ٹھنڈا اورقدم گرم رکھیں، شیو،ناخن، کان، ناک اور جسم کی صفائی ہفتہ میں ایک بار ضرور کریں، اچھا سوچنا اوراچھا نظر آنا آپ کاحق ہے اورکئی حوالوں سے آپ کے اوپر فرض بھی ہے۔ جاذبِ نظر رنگوں کا استعمال کریں۔ 

منفرد کام اور منفرد نظر آنے کو ترجیح دیں۔ احسان فراموشی نکال باہر پھینکیں، قطار میں کھڑے ہونے کی عادت ڈالیں اور اشارے پر رُکنا فرض سمجھیں۔ دوسروں کو جہاں تک ہو سکے اگر فائدہ دے سکتے ہیں توضرور فائدہ پہنچائیں، بقول سرفراز شاہ صاحب ہر فردکی خدمت اللّٰہ کی مخلوق سمجھ کر کریں، اللّٰہ کبھی آپ کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ 

اپنے نام کی ویب سائٹ بنائیں، سوشل میڈیا اکائونٹ پر کوئی تشد د پر مبنی پوسٹ یا وڈیو نہ لگائیں کیونکہ آنے والے دنوں میں ایجنسیاں انہی باتوں سے آپ کے خلاف کارروائی کریں گی اور غیرملکی ویزے سوشل میڈیا اکاؤنٹ دیکھ کر لگا کریں گے۔ 

حوصلہ افزائی جس طرح آپ کا حق ہے ایسے ہی دوسروں کی حوصلہ افزائی بھی آپ کے اوپر فرض ہے جس طرح آپ اپنی عزت کرانا واجب سمجھتے ہیں ایسے ہی دوسروں کی عزت کرنا آپ کے اوپر فرض ہے۔ ڈگری یافتہ جاہل بننے سے بہترہے آپ ہنر مند بنیں۔ دیسی غذائیں دیہات سے خرید کر گھرمیں استعمال کریں۔ ہر فرد کی کال سنیں اور میسج کا جواب دیں۔


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔