08 جنوری ، 2022
ریلیف کے منتظر عوام کے لیے نئے سال کا پہلا ہفتہ بھی مہنگائی کا مزید بوجھ ڈال گیا اور ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 21.38 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی میں 0.08 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 21.38 فیصد رہی۔
ایک ہفتے کے دوران آلو کی فی کلو قیمت میں اوسط 2 روپے 17 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ دال مسور کی فی کلو اوسط قیمت میں 3 روپے 23 پیسے، دال مونگ ایک روپے 76 پیسے، دال ماش 3 روپے 82 پیسے اور دال چنا 2 روپے 30 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے چینی کی فی کلو اوسط قیمت میں 62 پیسےکا اضافہ ہوا جبکہ آگ جلانے والی لکڑی فی من قیمت 6 روپے 49 پیسے اضافے کے بعد 795 روپے 63 پیسے ہو گئی۔
حالیہ ہفتے بیف کی اوسط فی کلو قیمت ایک روپے 96 پیسے، مٹن 8 روپے 16 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں اوسط 8 روپے 96 پیسے کا اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 7 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی، ٹماٹر کی اوسط فی کلو قیمت میں 10 روپے 08 پیسے کمی ہوئی، ایل پی جی کے گھریلو سلینڈر کی قیمت میں 23 روپے 35 پیسے کمی آئی اور انڈوں کی فی درجن قیمت 4 روپے 19 پیسے کم ہوئی۔
آٹا، چاول اور سرخ مرچ کی قیمت میں بھی کمی آئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔