08 جنوری ، 2022
امریکی خاتون نے کچھ انوکھا کرنے کے لیے اپنی بیٹی کا طویل ترین نام رکھ دیا۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق امریکی خاتون نے ایک ٹی وی شو کے دوران بیٹی کا دنیا کا طویل ترین نام رکھنے کے واقعے کو یاد کیا۔
ساندرا ولیمز نامی خاتون نے کہا کہ ان کے ہاں جب بیٹی کی پیدائش ہوئی تو وہ چاہتی تھیں کہ اس کا نام سب سے الگ ہو جس کے لیے انہوں نے سوچا کہ نام بہت لمبا ہو۔
ساندرا کی بیٹی کی پیدائش 12 ستمبر 1984 میں ہوئی تھی جس وقت ان کے شوہر نے بچی کا پیدائشی سرٹیفکیٹ پر نام Rhoshandiatellyneshiaunneveshenk Koyaanisquatsiuth Williams رکھا تھا۔
خاتون کے مطابق بچی کا نام رکھنے کے تین ہفتے کے انہیں احساس ہوا کہ یہ نام بھی زیادہ طویل نہیں ہے جس کے بعد انہوں نے نام میں ایک ہزار سے زائد الفاظ کی ترمیم کی اور دوبارہ پیدائشی سرٹیفکیٹ بنوایا جو 2 فٹ لمبائی تک جا پہنچا۔
خاتون نے بچی کا 38 الفاظ پر مشتمل درمیانی نام بھی رکھا جس کے بعد بچی کو اہلخانہ نے مختصر نام جیمی سے پکارنا شروع کردیا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ وہ کسی طرح گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑنا چاہتی تھیں جس کے لیے انہوں نے بچی کا انوکھا نام رکھنے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ بچی کا نام کسی بھی دوسری لڑکی کی طرح عام رکھنا نہیں چاہتی تھیں۔
خاتون نے بتایا کہ ان کی بیٹی کا نام بہت مختلف ہے جو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں موجود ہے جس میں 1019 حروف ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل گنیز بک میں طویل ترین نام 1914 میں درج کیا گیا تھا جس میں ہوبرٹ بلین نامی شخص کے نام میں 747 حروف تھے، یہ شخص 1997 میں 83 برس کی عمر میں انتقال کرگیا۔