08 جنوری ، 2022
بھارت ایک بار پھرکورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے اور ہفتے کے روز ملک میں ایک لاکھ 41 ہزار نئےکیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتےکے روز بالی وڈ سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
کورونا کا شکار ہونے والوں میں معروف گلوکار ارجیت سنگھ سرفہرست ہیں، جنہوں نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں بتایا ہےکہ وہ اور ان کی اہلیہ کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
ارجیت سنگھ نے بتایا کہ وہ دونوں گھر پر قرنطینہ ہوگئے ہیں اور دونوں کی صحت ٹھیک ہے۔
بالی وڈ فلمساز اور ہدایت کار مدھربھنڈارکر بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں، انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ میں اپنے کورونا میں مبتلا ہونے کی اطلاع دی۔
مدھربھنڈارکرکا کہنا تھا کہ میرا کورنا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، میں ویکسینیشن لگواچکا ہوں اور تھوڑی سے علامات ہیں، میں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے، وہ افراد جو حالیہ دنوں میں مجھ سے ملے ہیں، وہ اپنا ٹیسٹ ضرور کروالیں۔
سینیئر بھارتی اداکارہ نفیسہ علی نے بھی آج کورونا سے متاثر ہونےکی تصدیق کی ہے۔
انسٹاگرام پر اسپتال سے اپنی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے نفیسہ علی نے صارفین سے سوال کیا کہ اندازہ لگائیں کہ مجھے کیا ہوا ہے! مجھے تیز بخار اور گلے میں خراش ہے، امید ہے مجھےگھر جا کر سیلف آئیسولیشن کی جلد اجازت مل جائےگی۔
ایک اور بھارتی اداکارہ مانوی گاگرو بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں، انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر بتایا کہ انہیں کورونا وائرس ہوگیا ہے، معمولی علامات ہیں، میں بہت زیادہ سورہی ہوں۔
بھارتی اداکارہ عائشہ سنگھ میں بھی آج ہی کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق عائشہ سنگھ گھر پر قرنطینہ میں ہیں اور ان کی مکمل طبی نگرانی کی جارہی ہے۔