10 جنوری ، 2022
مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کروا کر ہی لندن سے وطن واپس آئیں گے۔
ایک بیان میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت کہتی ہے کہ وہ نیب کے ساتھ مل کر کام کرے گی، کسی کو حق حاصل نہیں کہ وہ جعلی کیس بنائے۔
سانحہ مری پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ڈیڑھ ارب کی مشینری مری کو دی تھی، آج کوئی ذمہ داری لینے کے لیے تیار ہی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا مقامی لوگوں نے مری میں پھنسے ہوئے افراد کو ریلیف فراہم کیا، مری میں ہوٹلز کے کرائے بڑھائے گئے تو انتظامیہ نے کارروائی کیوں نہیں کی؟
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان، عثمان بزدار، شیخ رشید اور فواد چوہدری نے لواحقین سے ہمدری کا ایک لفظ تک نہیں کہا، اب عوام کا کام ہے کہ ان حکمرانوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیں۔
پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ سے متلعق گفتگو کرتے ہوئے سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ یہ پیپلز پارٹی کا اپنا لانگ مارچ ہے، جتنے لانگ مارچ ہوں گے حکومت پر دباؤ بڑھے گا۔
نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف علاج کے لیے لندن گئے ہیں، وہ علاج کروا کر ہی واپس آئیں گے اس سے پہلے نہیں۔