ڈرامہ انڈسٹری کا کونسا معروف اداکار لیاقت علی خان کا پرپوتا ہے؟

خاندان میں سیاست کا کافی عمل دخل رہا لیکن سیاست میرے لیے نہیں بنی ، میرے والد ہمیشہ سیاست سے دور رہے،اداکار__فوٹو فائل
خاندان میں سیاست کا کافی عمل دخل رہا لیکن سیاست میرے لیے نہیں بنی ، میرے والد ہمیشہ سیاست سے دور رہے،اداکار__فوٹو فائل

گزشتہ دنوں پاکستان کے لیجنڈ اداکار معین اختر کی سالگرہ کے موقعے پر اداکار زوہاب خان نے انکشاف کیا کہ وہ ان کے نواسے ہیں جسے سن کر متعدد مداح حیران ہوئے۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کے پرپوتے بھی پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار ہیں جن کی ناصرف اداکاری پسند کی جاتی ہے بلکہ مداح ان کی آواز کے سحر میں بھی جکڑ جاتے ہیں۔

اداکار معظم علی خان شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں جنہوں نے سیاست سے برعکس اپنے لیے اداکاری کا انتخاب کیا، ایک ایسا شعبہ جس میں ان کے اپنے والدین نے کافی عرصہ پہلے قدم رکھا تھا۔

فوٹو فائل
فوٹو فائل

معظم خان کے والدین نوابزادہ مشرف علی خان اور ممتاز پروین نے 1990 کی دہائی کے اوائل کے یادگار ڈرامے ’سنہرے دن‘ میں اداکاری کی اور ان کے والد کی سہولت کے لیے ان کے گھر پر ہی شوٹنگ کی گئی۔

اداکار کا کہنا ہے کہ خاندان میں سیاست کا کافی عمل دخل رہا لیکن سیاست میرے لیے نہیں بنی، میرے والد ہمیشہ سیاست سے دور رہے اور شاید میرے بھی سیاست میں نہ ہونے کی وجہ یہی ہے، میں نے اشتہاری صنعت میں کچھ وقت گزارا جس کے بعد ملک کے معروف ٹیلی کام برانڈز میں سے ایک کے شعبہ تعلقات عامہ اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے شعبے میں کام کیا، اس شعبے میں دو ایوارڈز ملنا اس بات کی ضمانت ہے کہ میں نے اپنے لیے صحیح شعبے کا انتخاب کیا۔

حالیہ برسوں میں اداکار نے تقریبات میں بطور گلوکار اپنی آوازکا جادو بھی جگایا

معظم علی خان نے اپنے ٹی وی کیرئیر کا آغاز نجی ٹی وی چینل کے ڈرامہ سیریل ’ثبات‘سے کیا اور مرکزی کردار کے والد کا کردار ادا کیا اور آج کل وہ ڈرامہ سیریل ’عشقِ لا ‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

حالیہ برسوں میں انہوں نے تقریبات میں بطور گلوکار اپنی آوازکا جادو بھی جگایا، شوبز انڈسٹری میں ان کے بہت سے کام اسکرین پرفارمنس سے متعلق ہیں، وہ ایک وائس اوور آرٹسٹ بھی ہیں۔ 

اس کے علاوہ سوشل میڈیا صارفین اور اردو سے محبت کرنے والے معظم علی کو خوب جانتے ہیں کیونکہ معظم علی خان کو اردو سے کافی لگاؤ بھی ہے۔

اداکار کو شاعری تحریر کرنے اور پھر اسے اپنی آواز میں پڑھنے کا خاصہ شوق ہے جسے مداح بھی خود سراہتے ہیں۔ 

معظم علی خان کا ماننا ہے کہ ہماری نوجوان نسل اردو شاعری اور ادب سے دور ہوتی جارہی ہے اور بدقسمتی سے اردو زبان بولنے میں بھی دلچسپی نہیں رکھتی۔

معظم علی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ’میں نے چند سال پہلے شغل کے طور پر ہی پڑھنا شروع کیا تھا اور مجھے اس سے کوئی خاص توقع نہیں تھی لیکن جب دنیا بھر کے لوگوں نے اور خاص طور پر نوجوان نسل نے ان ویڈیوز کی تعریف کی تو اس چیز نے میری بہت حوصلہ افزائی کی۔‘

مزید خبریں :