12 جنوری ، 2022
کوئٹہ: ریڈ زون میں داخل ہونے پر احتجاج کرنے والے 6 ڈاکٹرز کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ مظاہرین کے ساتھ جھڑپ میں 6 پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔
پولیس نے ریڈ زون کو انسکمب روڈ پر مختلف مقامات پر خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا تھا لیکن احتجاج پر بیٹھے ینگ ڈاکٹرز نے ریڈ زون جانے کی کوشش کی تو پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیا۔
ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے بھی پولیس اہلکاروں کے خلاف مزاحمت کی گئی اور جھڑپ کے دوران چھ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
ادھر پولیس نے ریڈ زون جانے کی کوشش پر 20 ینگ ڈاکٹرز کو گرفتار کر لیا اور انہیں ریڈ زون جانے سے روک دیا جس پر ینگ ڈاکٹرز اور ریلی میں شریک پیرا میڈیکل اسٹاف نے انسکمب روڈ پر ہی دھرنا دے دیا۔
خیال رہے کہ ینگ ڈاکٹرز مطالبات کے حق میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ سے ہڑتال پر ہیں۔