22 جنوری ، 2022
بالی وڈ میں سروگیسی کے عمل کے ذریعے بچوں کی پیدائش کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے، گز شتہ شب عالمی شہرت یافتہ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے ہاں بچے کی پیدائش بھی اسی عمل کے ذریعے ہوئی۔
ماضی میں بھی بالی وڈ کے کئی اداکار ایسے ہیں جن کے ہاں سروگیسی کے ذریعے بچوں کی پیدائش ہوئی، اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ عمل ہے کیا۔
سروگیسی کیا ہے؟
اس عمل میں والدین کا اسپرم اور ایگ حاصل کرکے لیبارٹری میں ایمبریو بنایا جاتا ہے، پھر اسے کسی دوسری خاتون (جو اس جوڑے کے بچے کو جنم دینے کے لیے تیار ہو) کے یوٹرس (بچہ دانی) میں انجیکٹ کر دیا جاتا ہے۔
پھر 9 ماہ وہ ماں اس جوڑے کے بچے کو اپنی کوکھ میں پالتی ہے، یعنی جینیاتی طور پر بچہ جوڑے کا ہی ہوتا ہے بس بچہ دانی کسی اور کی استعمال کی جاتی ہے، وہ خواتین جن کی عمر زیادہ ہو یا انہیں ہارمونل مسائل ہوں، انہیں ڈاکٹرز سروگیسی کا مشورہ دیتے ہیں۔
بالی وڈ میں سروگیسی کے ذریعے والدین بننے والے اداکار
شاہ رخ خان
اداکار شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کا چھوٹا بیٹا ابرام 2013 میں سروگیسی کے ذریعے پیدا ہوا، شاہ رخ کے پہلے بھی دو بچے آریان اور سہانا تھے جب کہ تیسرے کی پیدائش کے لیے انہوں نے سروگیسی کا انتخاب کیا۔
عامر خان
اداکار عامر خان اور ان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کے ہاں 2011 میں سروگیسی کے ذریعے بیٹے آزاد راؤ کی پیدائش ہوئی۔
تشار کپور
معروف اداکار تشار کپور نے بھی سروگیٹ ماں کے ذریعے اپنے بچے کو 2016 میں جنم دیا جس کا نام ان کی بہن پروڈیوسر ایکتا کپور نے لکشیا رکھا۔
ایکتا کپور نے خود بھی 2019 میں بیٹے کو سروگیسی کے ذریعے پیدا کیا اور یوں وہ 27 سال کی عمر میں ماں بنیں۔ ایکتا اور تشار نے تاحال شادی نہیں کی اور دونوں بہن بھائی بغیر شادی کے بچوں کے ماں اور باپ ہیں۔
سنی لیونی
اداکارہ سنی لیونی کے گھر 2018 میں سروگیسی کے ذریعے جڑواں بیٹوں کی پیدائش ہوئی جس پر اداکارہ کافی خوش تھیں۔
کرن جوہر
فلم ساز اور پروڈیوسر کرن جوہر بھی اسی عمل سے 2017 میں جڑواں بچوں ایک بیٹا اور بیٹی کے والد بنے۔
شلپا شیٹی
اداکارہ شلپا شیٹی کے ہاں 2020 میں بیٹی سمیشا کی پیدائش ہوئی جس کے بارے میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ سروگیٹ مدر کی مدد سے پیدا ہوئی ہے۔
اس سے قبل اداکارہ کا ایک بیٹا ویان بھی ہے۔
پریتی زنٹا
اداکارہ پریتی زنٹا کے ہاں گزشتہ برس نومبر میں جڑواں بچوں ایک بیٹا اور ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی۔ ان کے بچوں کی پیدائش بھی سروگیسی کے عمل کے ذریعے ہوئی۔