پاکستان
Time 26 جنوری ، 2022

ایم کیو ایم کے دھرنے پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج، متعدد افراد گرفتار

کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کردی جس کے باعث رکن سندھ اسمبلی سمیت کئی کارکنان زخمی ہوگئے۔

ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ کے متنازع بلدیاتی قانون کے خلاف ریلی نکالی، شارع فیصل سے مارچ کرتے مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاؤس  کے باہر دھرنا دے دیا۔ 

ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران نے مظاہرین سے بات چیت کی کوشش کی— فوٹو: آئی این پی
ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران نے مظاہرین سے بات چیت کی کوشش کی— فوٹو: آئی این پی

پولیس اور ضلعی انتظامیہ کیلئے یہ سب اچانک تھا۔ شہر کے ریڈ زون میں جہاں وزیر اعلیٰ ہاوس سے متصل ہوٹل میں پی ایس ایل کیلئے غیر ملکی کھلاڑی موجود تھے تو دوسری جانب احتجاج کی وجہ سے شدید ٹریفک جام ہوگیا۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران نے مظاہرین سے بات چیت کی کوشش کی اور ناکامی پر مظاہرین سے سختی سے نمٹنے کی حکمت عملی طے کی پھر کیا تھا پولیس نے دھرنے پر بیٹھی خواتین سمیت مظاہرین پر شیلنگ اور لاٹھی چارج شروع کر دیا۔

پولیس نے کئی کارکنان کو گرفتار کر لیا اور ٹریفک کی روانی بحال کی— فوٹو: آئی این پی
پولیس نے کئی کارکنان کو گرفتار کر لیا اور ٹریفک کی روانی بحال کی— فوٹو: آئی این پی

لاٹھی چارج سے رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین سمیت کئی مظاہرین زخمی ہو گئے جبکہ شیلنگ سے کئی مظاہرین کی حالت غیر ہو گئی۔

اس دوران علاقہ میدان جنگ بنا رہا جس کو جہاں جگہ ملی و ہ اس طرف بھاگا۔ پولیس نے کئی کارکنان کو گرفتار کر لیا اور ٹریفک کی روانی بحال کی۔

بعد ازاں پولیس نے گرفتار کارکنان کو رہا کیا جس کی تصدیق پولیس ترجمان نے بھی کی۔

مزید خبریں :