26 جنوری ، 2022
کراچی میں بدھ کی شام سیاسی جماعتوں کی ریلیوں اور سیاسی کارکنان کی پولیس سے جھڑپ کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شریک ٹیموں کے پریکٹس سیشن منسوخ کردیے گئے ۔
جمعرات سے شروع ہونے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن سے قبل بدھ کی رات چار ٹیموں کو پریکٹس کرنا تھی، معین خان اکیڈمی میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹیڈ کا پریکٹس میچ شیڈولڈ تھا جب کہ نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کو نیٹ پریکٹس کرنا تھی۔
سیاسی جماعتوں کی ریلیاں، کارکنان کی پولیس سے جھڑپیں اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ٹریفک کی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے پریکٹس شیڈول منسوخ کردیا گیا۔
اس سے قبل صبح لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم میں صبح کے سیشن میں پریکٹس کی۔
پریکٹس کے بعد ٹیموں کو ٹریفک جام سے بچانے کے لیے روٹین کے راستے کے بجائے متبادل راستے سے اسٹیڈیم سے ہوٹل واپسی کا سفر کرایا گیا۔