پاکستان
Time 29 جنوری ، 2022

پاکستان میں کورونا کے وار جاری، مزید 27 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے

پاکستان میں عالمی وبا کورونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 27 افراد انتقال کر گئے اور 7963 نئے مریض بھی سامنے آئے۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 70389 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 7963 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 27 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 11.31 فیصد رہی۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29219 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 10 ہزار 33 تک پہنچ چکی ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2062 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 76 ہزار 719 ہو گئی ہے۔

مزید خبریں :