04 فروری ، 2022
پاکستان کی ایوان بالا (سینیٹ) میں کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی قرارداد منظور کرلی گئی۔
قرارداد وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور بھارتی زیرتسلط کشمیریوں کی بہادری کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
قرارداد کے متن کے مطابق بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہیں، بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نےکشمیر میں دہشت کا راج قائم کیا ہوا ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کا قتل عام بند اور سیاسی قیدیوں کورہا کرے۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے رولنگ دی کہ قرارداد دنیا کے پریذائیڈنگ افسران اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوبھجوائی جائے۔
اس موقع پر قائدِ ایوان شہزاد وسیم نے کہا کہ بھارت میں بھارت کی ناکامی کی آوازیں اٹھ رہی ہیں، بھارتی پارلیمنٹ میں ناکام بھارتی خارجہ پالیسی پر آواز اٹھی، بھارت چین کی طرف جائے تو جواب نہ میں ملتا ہے بھارت پاکستان آئے تو کان سے پکڑ کر چائے کا کپ پلا کر بھگایا جاتا ہے۔
قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تقریباً سات دہائیوں سے بھارت کشمیریوں پر ظلم کرتا آرہا ہے، انسانی بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔