کھیل
Time 11 فروری ، 2022

لاہور نے اب تک ناقابل شکست رہنے والی ملتان سلطانز کو ہار کا مزہ چکھا دیا

ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ —فوٹو: ملتان سلطانز آفیشل
ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ —فوٹو: ملتان سلطانز آفیشل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں لاہور قلندرز نے  ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست  رہنے والی ملتان سلطانز کو  52 رنز سے مات دے دی۔

183رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 20 ویں اوور میں130 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، صہیب مقصود 29 رنز بناکر نمایاں رہے۔

واضح رہے کہ یہ ملتان سلطانز کی رواں ایونٹ میں پہلی شکست ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت  دی۔

لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، فخر زمان 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔

لاہور قلندرز کی اننگز

فوٹو: پی ایس ایل
فوٹو: پی ایس ایل

ملتان سلطانز کے خلاف لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا ، اوپنر عبداللہ شفیق صرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ایک وکٹ گرنے کے بعد فخر زمان اور کامران غلام کے درمیان 86 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم 91 رنز کے مجموعی اسکور پر کامران 42 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔

قلندرز کو تیسرا نقصان سیٹ بیٹر فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ37 گیندوں پر 60 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

اس کے علاوہ اختتامی اوورز میں محمد حفیط اور فِل سالٹ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ٹیم کا اسکور 4 وکٹوں پر 182 رنز تک پہنچا۔

حفیظ 29 گیندوں پر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سالٹ 16 گیندوں پر 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے انور علی، شاہنواز دھانی، عباس آفریدی اور عمران طاہر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز کی اننگز

ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا ور صرف 14 رنز کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 8 رنز بناکرآؤٹ ہوگئے ۔

ملتان کو دوسرا نقصان محمد رضوان کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 27 گیندوں پر 20 رنز بناکر پویلین لوٹے۔اس کے علاوہ صہیب مقصود 29 اور ٹِم ڈیوڈ 24 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے جبکہ خوش دل شاہ 22 رنز بناسکے۔

یوں ملتان کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

قلندرز کی جانب سے زمان خان نے3 جبکہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور راشد خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ 

مزید خبریں :