17 فروری ، 2022
پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم پر تنقید کا جواب دینے کے لیے ان کے والد اعظم صدیق بھی میدان میں آ گئے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں مسلسل 8 شکستوں پر کراچی کنگز کی ٹیم اور خصوصاً کپتان بابر اعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
کراچی کنگز کی ٹیم نے پی ایس ایل میں ابھی مزید 2 میچز کھیلنے ہیں لیکن بابر اعظم کی ٹیم ایونٹ کے پلے آف مرحلے سے باہر ہو چکی ہے۔
گزشتہ روز بھی ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو دلچسپ مقابلے کے بعد آخری اوور میں سے شکست دی تھی۔
بابر اعظم پر شدید تنقید کے بعد ان کے والد اعظم صدیق بھی سوشل میڈیا پر بیٹے کی حمایت میں سامنے آ گئے ہیں۔
اعظم صدیق نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں لکھا کہ دعا ہے کہ آؤٹ آف فارم بابر اعظم کی فارم بحال ہو اور جمود ٹوٹے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نہ گھبراتا ہے، نہ محنت چھوڑتا ہے اور نہ ہی مایوس ہوتا ہے، آؤٹ آف فارم دنیا کا بڑے سے بڑا کھلاڑی ہو جاتا ہے لیکن بابر بھرپور محنت کر رہا ہے، دعا ہے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بیٹے کی فارم بحال ہو جائے۔
والد بابر اعظم نے مزید لکھا کہ فینز دل برا نہ کریں، بابر پہلے جیسی محنت کر رہا ہے وہ جلد اچھا کرے گا۔