17 فروری ، 2022
مائیکرو سافٹ کے بانی بِل گیٹس پاکستان کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان سے ملاقات کی جس میں انسداد پولیو مہم اور کورونا کی روک تھام کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ قبل ازیں بِل گیٹس نے کورونا سے متعلق قائم چک شہزاد میں اسپتال کا دورہ بھی کیا جبکہ بِل گیٹس این سی او سی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔
بل گیٹس نے سربراہ این سی او سی اسد عمر اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سے ملاقات بھی کی۔ بل گیٹس نے وفد کے ہمراہ این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کی۔
این سی او سی کے مطابق اس موقع پر کورونا کنٹرول پر بل گیٹس اور وفد نے این سی او سی کے کردار کو سراہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بل گیٹس کو پاکستان میں کورونا اور پولیو کی روک تھام سے متعلق اقدامات پربریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس آج شام کو ہی واپس چلے جائیں گے۔