17 فروری ، 2022
قومی ائیر لائن کی کراچی سے لاہور جانے والی پرواز میں آگ کی وارننگ کی وجہ سے مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 لاہور روانگی کیلئے تیار تھی، طیارہ ٹیک آف کیلئے رن وے پر پہنچ گیا تھا تاہم ایک مسافر نے طیارے کے ائیرکنڈیشنڈ ڈکس سے ہلکا دھواں نکلنے اور آگ کی بو محسوس ہونے کی شکایت کی۔
اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ فائر انڈیکیشن ملنے پر پائلٹ نے طیارے کا ٹیک آف فوری منسوخ کردیا، طیارے کو فوری طور پر واپس ٹرمینل کی طرف لے جایا گیا، تمام مسافروں کو آف لوڈ کرکے طیارے کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔
ائیرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ مسافروں نے طیارے میں سوار ہونے سے انکار کر دیا جن کا سامان آف لوڈ کیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پرواز پی کے 306 پر 328 مسافر سوار تھے، طیارہ روانگی کیلئے تیار تھا لیکن 64 مسافروں نے سے اس میں سوار ہونے سے انکار کردیا، طیارے کا سنسر ٹرپ کر جانے کی وجہ سے فائر انڈیکیشن ہوئی۔
ساڑھے تین گھنٹے تاخیر کا شکار پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 رات ساڑھے دس بجے لاہور روانہ ہوگئی۔