Time 19 فروری ، 2022
پاکستان

انسٹاگرام پر دوستی، دوست نے لاہور سے زہر کوریئر کیا، خاتون نے کراچی میں شوہر کو پلا دیا

ملزم نے محبوبہ کو گفٹ کیے گئے سینڈل کی ہیل کے اندر زہر چھپا کر بھیجا، پولیس— فوٹو: فائل
ملزم نے محبوبہ کو گفٹ کیے گئے سینڈل کی ہیل کے اندر زہر چھپا کر بھیجا، پولیس— فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں آشنا سے مل کر اپنے شوہر کو جوس میں زہر ملا کر قتل کرنے والی ملزمہ کو انویسٹی گیشن ایسٹ پولیس نے آشنا سمیت گرفتار کر لیا۔

سینیئر سپرٹنڈنٹ ایسٹ انویسٹی گیشن الطاف حسین کے مطابق گزشتہ سال 29 جون کو گلشن اقبال تھانے میں رضوان نامی شہری نے مقدمہ نمبر 828/2021 زیر دفعہ 302/337J درج کرایا تھا۔

مدعی مقدمہ رضوان کے مطابق 27 جون کو ان کے بیٹے یوشاہ اپنی اہلیہ وی آرین جنت کے ہمراہ گلشن اقبال کے جوس سینٹر میں جوس پینے کیلئے گئے تھے جہاں پر جوس پینے کے بعد یوشاہ کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس پر اسے فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔

ایف آئی آر میں مدعی نے اپنے بیٹے کو زہر دے کر قتل کرنے کا شبہ ظاہر کیا تھا۔ تفتیشی افسر کے مطابق دوران تفتیش اس کیس میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ متوفی حالات و واقعات کے مطابق یوشاہ کی بیوی آرین جنت کی لاہور کے رہائشی سلمان سے ڈیڑھ سال قبل انسٹاگرام پر دوستی ہوئی تھی جو آہستہ آہستہ عشق میں تبدیل ہوگئی اور دونوں نے ایک ہونے کیلئے یوشاہ کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔

پولیس تفتیش کے مطابق منصوبے پر عمل درآمد کیلئے ملزم نے لاہور سے بذریعہ کوریئر سروس چاکلیٹ اور ایک عدد لیڈیز سینڈل ملزمہ کو کراچی بھجوائی،  ملزم نے محبوبہ کو گفٹ کیے گئے سینڈل کی ہیل کے اندر زہر چھپا کر بھیجا۔

ملزمہ کے بیان کے مطابق وقوعہ کے روز متوفی یوشاہ کی بیوی چالاکی سے اپنے شوہر کو فریش جوس پلانے گلشن اقبال میں واقع گرینو جوس سینٹر لے گئی اور دھوکے سے اس کے جوس میں آشنا کا بھیجا گیا زہر ملا دیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

ایس ایس پی الطاف حسین کے مطابق تفتیش کے دوران تمام شواہد جمع کیے گئے جن کی بنیاد پر انسپکٹر حاجی امتیاز اور ان کی ٹیم نے ملزم سلمان اور متوفی کی بیوی آرین جنت کو گرفتار کرلیا۔

مزید خبریں :