21 فروری ، 2022
اداکارہ اشنا شاہ نے ملک میں کزنز کے درمیان ہونے والی شادیوں کے بعد بڑھتے صحت کے مسائل پر اظہارِ خیال کیا ہے۔
اداکارہ نے ٹوئٹر پر برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی ایک خبر شیئر کی جس میں بتایا گیا تھا کہ کزنز کے درمیان شادیوں کے بعد آنے والی نئی نسل کن بیماریوں میں مبتلا ہوتی ہے۔
اشنا نے لکھا کہ بطور فنکار اور تخلیق کار ہمیں چاہیے کہ ڈراموں میں کزنز کے درمیان ہونے والے رومانوی سین کی حوصلہ افزائی نہ کریں، کزنز کے درمیان ہونے والی شادیوں کے نتیجے میں آنے والی نسل کو کئی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ ان بچوں کو تھیلیسیمیا جیسے خطرناک خونی مرض کا سامنا ہوتا ہے، برائے مہربانی اس بات کو سنجیدہ لیا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں 65 سے 75 فیصد شادیاں خاندان میں ہوتی ہیں جن میں سے 80 فیصد شادیاں فرسٹ کزنز میں کی جاتی ہیں۔