22 فروری ، 2022
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کی حمایت کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ پنجاب، جمعیت علمائے اسلام خیبرپختونخوا میں لانگ مارچ کا استقبال کرے گی جبکہ بلوچستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی لانگ مارچ کااستقبال کیاجائےگا۔
ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ جی ٹی روڈ سے گزرے گا اور پی ڈی ایم کی جماعتوں کے کارکنان ہرشہرمیں لانگ مارچ کا استقبال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ میں کسی بھی جگہ اسٹیج نہیں لگے گا، قائدین مرکزی کنٹینرسے ہی خطاب کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آبادمیں پیپلزپارٹی کے جلسے میں مرکزی قیادت کی شرکت کیلئے پی ڈی ایم کی مشاوت جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ میں اسلام آباد پہنچنے پر جلسہ ہوگا، دھرنا نہیں دیا جائے گا اور لانگ مارچ ریڈ زون میں داخل نہیں ہوگا جبکہ وزیراعظم کےخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی تاریخ کا اعلان اسی جلسے میں متوقع ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے حکومت کے خلاف 27 فروری سے لانگ مارچ کا آغاز مزار قائد کراچی سے کیا جائے گا۔