23 فروری ، 2022
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان کو جہانگیر ترین سے رابطے کا مشورہ دے دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور (ق) لیگ اگر 14 سال بعد مل سکتی ہیں تو عمران خان اور جہانگیر ترین تو پرانے ساتھی ہیں۔
انہوں نے حزب اختلاف کی پارٹیوں کو پیغام دیا کہ ملاقاتوں اور گزارشات سے کچھ نہیں نکلتا، اپوزیشن کے پاس کوئی اشارہ نہیں ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں تحریک عدم اعتماد لاکر بھی پھنس جائیں گی اور بعد میں روئیں گی کہ فون کالز آگئیں۔
دوسری جانب وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کا اپنا نکتہ نظر ہے، فیصلہ وزیراعظم نے کرنا ہے کہ انہوں نے کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کو رسک کہنے والوں کو خود اعتماد نہیں ہے کہ کامیاب ہوں گے یا نہیں، جو عمران خان کی گاڑی سے اترے گا وہ زیرو ہوجائے گا۔