Time 23 فروری ، 2022
کھیل

شاہد آفریدی نے ہونیوالے داماد شاہین کی تعریفوں کے پل باندھ دیے

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں شاہد آفریدی نے شاہین کی پشاور زلمی کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کی تعریف کی/ فائل فوٹو
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں شاہد آفریدی نے شاہین کی پشاور زلمی کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کی تعریف کی/ فائل فوٹو

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے فاسٹ بولر  اور مستقبل کے داماد شاہین شاہ آفریدی کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں شاہد آفریدی نے شاہین کی پشاور زلمی کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کی تعریف کی۔

قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا تھا جہاں  159 رنز کے تعاقب میں شاہین آفریدی نے اپنی جارحانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا اسکور 158 کرکے برابر کردیا تھا، شاہین نے 20 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے جس میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، شاہین نے آخری اوور میں ایک چوکا اور 3 چھکے لگاکر مقابلہ ٹائی کیا جس سے میچ سپر اوور میں جا پہنچا تھا۔

شاہین مجھ سے بار بار میرا بلا مانگتا ہے: شاہد آفریدی

شاہین  کی اس  پرفارمنس پر بات  کرتے ہوئے شاہد آفریدی  نے کہا کہ  اس روز دوستوں کے ساتھ مصروف تھا اس لیے  شاہین کی پرفارمنس نہیں دیکھ پایا مگر بعد میں سوچا کہ میچ بہت اچھا ہوا اور شاہین نے اس میچ میں کچھ کرکے دکھایا۔

سابق کپتان  کا کہنا تھاکہ اس کے بعد مجھے اندازہ ہوا کہ شاہین مجھ سے بار بار کیوں کہتا ہے کہ لالا مجھے آپ کا بلا چاہیے؟ لیکن میں نے ابھی تک شاہین کو اپنا بلا نہیں دیا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ شعیب اختر سمیت جتنے بھی فاسٹ بولر ہیں ان میں بیٹنگ کا شوق پایا جاتا ہے ایسا ہی شوق شاہین میں بھی ہے۔

’شاہین بطور کپتان سب کچھ اچھے سے  لے کر چل رہا ہے‘

شاہد آفریدی نے شاہین کی بطور  کپتان کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ٹیم کے کپتان کی کارکردگی خاصی اہم ہوتی ہے اور شاہین کے میچز دیکھے جس  کے بعد کہوں گا کہ وہ اچھے سے سب کچھ لے کر چل رہا ہے۔

شاہین کو مشورہ

سابق کپتان  نے شاہین کو مشورہ دیا  کہ انہیں فاسٹ بولر ہوتے ہوئے بہت احتیاط سے بولنگ کرنی چاہیے ، ایک فاسٹ بولر کو کسی بھی میچ میں انرجی بچا کر رکھنی چاہیے تاکہ وہ آخری اوورز کرسکے ۔

مزید خبریں :