دنیا
Time 26 فروری ، 2022

روسی حملوں کی گونج میں یوکرینی جوڑے کی شادی، جوڑا ملکی حفاظت کیلئے جنگ پر پہنچ گیا

ہم نے شادی کے فوری بعد فیصلہ کیا کہ ملک کو اس مشکل صورتحال میں ہماری ضرورت ہے__فوٹو: یارینا
ہم نے شادی کے فوری بعد فیصلہ کیا کہ ملک کو اس مشکل صورتحال میں ہماری ضرورت ہے__فوٹو: یارینا

یوکرین کے دارالحکومت کیف میں ایک جوڑے نے روسی فوجیوں کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کے دوران ہی شادی کر لی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق 21 سالہ یارینا اریوا اور اس کے 24 سالہ شوہر  سوویاتوسلاو  کی شادی مئی 2022 میں ہونا تھی جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں اور شادی کے مقام کا انتخاب بھی ہو چکا تھا۔

تاہم جب روس کے صدر کے احکامات جاری ہوئے اور دونوں نے اپنے ملک پر بمباری اور حملوں کی آوازیں سننا شروع کیں تو فیصلہ کیا کہ ابھی اسی وقت شادی کرلینی چاہیے تاکہ ایک ساتھ مل کر اس مشکل کا سامنا کریں۔

21 سالہ یارینا نے بتایا کہ جب آپ کی زندگی کا خوشگوار ترین لمحہ ہو اور آپ اس طرح حملوں کی آوازیں سنیں جو چاروں طرف سے آرہی ہوں تو یہ انتہائی خوفناک ہے۔

یارینا نے بتایا کہ سب کچھ پلان کے مطابق چل رہا تھا، ہمارا ارادہ تھا کہ 6 مئی کو ایک دوسرے سے دریا کنارے شادی کریں گے لیکن روسی صدر کے جنگ کے اعلان کے بعد سب کچھ منٹوں میں بدل گیا۔

یارینا اریوا نے بتایا کہ ہم نے شادی کے فوری بعد فیصلہ کیا کہ ملک کو اس مشکل صورتحال میں ہماری ضرورت ہے، مستقبل میں شاید ہم ساتھ رہیں نا رہیں لیکن اپنے ملک کے لیے جان دیتے ہوئے ہم ساتھ مریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم ملک کے دفاع کی کوششوں میں شامل ہونے کے لیے مقامی علاقائی دفاعی مرکز پہنچے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ملک کی حفاظت کرنی ہے، ہمیں ان لوگوں کی حفاظت کرنی ہے جن سے ہم پیار کرتے ہیں اور جس زمین پر ہم رہتے ہیں۔

یارینا نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہیں معلوم یہ لوگ ہمیں کون سا فریضہ سونپیں گے، ہو سکتا ہے کہ وہ ہمیں صرف ہتھیار دیں اور ہم جا کر لڑیں، شاید ہم کسی اور چیز میں مدد کریں گے، اس کا فیصلہ حکومتی لوگ کریں گے۔

واضح رہے کہ روس کے حملے کے بعد یوکرین میں تیسرے روز بھی لڑائی جاری ہے اور اب لڑائی دارالحکومت کیف کی گلیوں تک پہنچ گئی ہے۔

یوکرین کی ملٹری کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس نے بحر اسود سےکلیبر کروز میزائل داغے جبکہ یوکرین کے صدارتی دفترکے مشیر کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ یوکرین کے شہروں خیر سون، میکولیف اور اڈیسا کے قریب لڑائی جاری ہے۔

مزید خبریں :