26 فروری ، 2022
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی تیاریاں چل رہی ہیں، کوئی حتمی تاریخ نہیں دے سکتے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے لاہور میں شہبازشریف سے ان کی رہائش گاہ میں ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ اختر مینگل سے معاشی اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی ہے، ملک کے معاشی و سیاسی حالات خطرناک صورت اختیار کرچکے ہیں، پی ڈی ایم نے تحریک عدم اعتماد کا اصولی فیصلہ کیا ہے اور تحریک عدم اعتماد لانے پر مکمل اتفاق اور یکسوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے بارے میں ہوم ورک پر بھی گفتگو ہوئی ہے، تحریک عدم اعتماد کی تیاریاں چل رہی ہیں، کوئی حتمی تاریخ نہیں دے سکتے۔
ان کا کہنا تھاکہ چھوٹے صوبوں کا وفاق پر حق ہے، ہمیں چھوٹے صوبوں کے مسائل کو خلوص دل سے حل کرنا ہوگا، ہمیں چھوٹے صوبوں کے حقوق کی بھرپور پاسداری کرنا ہوگی، صوبہ پنجاب کو آگے بڑھ کر چھوٹے صوبوں کو گلے لگانا چاہیے۔
بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل کا کہنا تھاکہ بلوچستان کا مسئلہ روز اول سے سیاسی ہے ، اسے سیاسی طور پر حل کیا جانا چاہیے۔