01 مارچ ، 2022
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور مسلم لیگ قائداعظم (ق) کے پنجاب کے صدر و اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی ملاقات تاخیر کا شکار ہے۔
ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے چوہدری برادران کو اپنے گھر عشائیے کی دعوت دے رکھی ہے اور انہوں نے عشائیے کی دعوت گزشتہ ہفتے دی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز کی دعوت پر مسلم لیگ ق کی قیادت تاحال فیصلہ نہ کرسکی۔
ذرائع نے بتایا کہ شہبازشریف نے چوہدری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کو اپنے گھر کھانے پر مدعو کیا تھا جس پر چوہدری برادران نے دو روز میں دعوت کی تصدیق کا وعدہ کیا تھا لیکن انہوں نے ابھی تک شہباز شریف کی دعوت قبول نہیں کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شہباز شریف نے چوہدری برادران سے ملاقات کی تھی جس میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر حمایت مانگی تھی۔