04 مارچ ، 2022
دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن کی اچانک موت نے مداحوں کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔
شین وارن کو لیگ اسپن بولنگ کا کنگ کہا جاتا تھا اور انہوں نے ایک عرصے تک بیٹرز کو اپنی انگلیوں پر نچایا۔ شین وارن کے بعد کرکٹ میں ان کے پائے کا لیگ اسپنر اب تک نظر نہیں آتا البتہ شین وارن نے پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کی بولنگ کی تعریف کی تھی۔
شین وارن نے 28 نومبر 2018 کو اپنی ٹوئٹ میں یاسر شاہ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’مبارک ہو میرے دوست یاسر، کیا زبردست کھیل ہوا اور پہلی اننگز میں آپ نے کیسی زبردست بولنگ کی، یہ بہت خاص تھی، آپ کو اسپن کا جال بنتے ہوئے دیکھنا کافی لطف اندوز اور باعث مسرت تھا۔ شاباش۔۔اسے جاری رکھیں اور تحمل کا مظاہرہ کریں میرے دوست۔‘
اس سے قبل ایک اور موقع پر لیجنڈ اسپنر شین وارن نے یاسر شاہ کو ان کے کیریئر کے آغاز میں ہی دنیا کا بہترین لیگ اسپنر قرار دیا تھا۔
2015 میں پاکستانی کھلاڑی شارجہ میں انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی تیاریوں میں مصروف تھے کہ شین وارن پاکستان کے ٹریننگ کیمپ میں پہنچے۔
اس موقع پر انہوں نے یاسر شاہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔
بعد ازاں اپنے بیان میں شین وارن نے یاسر شاہ کی تعریف ان الفاظ میں کی:’میں نے جب کچھ عرصہ پہلے یاسر شاہ کو دیکھا تب سے ہی ان کا مداح ہوگیا تھا، وہ ممکنہ طور پر دنیا کے بہترین لیگ اسپنر ہیں، ان کے ہاتھ سے جس طرح گیند نکلتی ہے وہ شاندار ہے۔ یاسر کے ساتھ کام کرنا بہترین موقع ہے، وہ شاندار بولر ہیں، ہم نے ملاقات میں صرف یہ بات کی کہ انہیں انگلینڈ کے کس کھلاڑی سے مشکل پیش آتی ہے اور چند طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔‘
اس موقع پر یاسر شاہ کا بھی کہنا تھا کہ بچپن سے انہیں شین وارن کے ساتھ بولنگ کرنے کا شوق تھا جو اب پورا ہوگیا ہے۔
یاسر شاہ نے آج اپنی ٹوئٹ میں شین وارن کے انتقال پر افسوس کا اظہا بھی کیا۔