06 مارچ ، 2022
اسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے روسی صدر کو یوکرین بحران پر ثالثی کی پیشکش کی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق نفتالی بینیٹ نے ماسکو میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے تین گھنٹے کی طویل ملاقات کی۔ یوکرین نے اسرائیل سے ماسکوکے ساتھ بات چیت کی درخواست کی تھی۔
اسرائیلی عہدیدار کے مطابق ملاقات میں یوکرین کی صورت حال کےمختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی، ملاقات میں ویانا میں ایران جوہری مذاکرات میں پیشرفت بھی زیربحث آئی۔
اس کے علاوہ اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ دورےکےلیےامریکا، جرمنی اور فرانس کی معاونت حاصل تھی جبکہ صدر پیوٹن سے ملاقات کے بعد اسرائیل وزیراعظم نے یوکرینی صدرکوفون کیا۔
دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ ملک میں مارشل لاء لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، مارشل لاء کی ضرورت اس وقت ہوتی ہے جب ملک کو بیرونی جارحیت کا سامنا ہو۔
پیوٹن کا کہنا تھا کہ یوکرین میں ہر چیز منصوبے کے مطابق چل رہی ہے اور جو ملک یوکرین کی فضائی حدودکونوفلائی زون قراردےگا وہ تنازع میں شامل ہو جائےگا۔