Time 07 مارچ ، 2022
پاکستان

مہنگائی روکنے کیلئے تیل پر بڑی سبسڈی دی: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا  ہےکہ ہم نے مہنگائی روکنے کے لیے تیل پر بڑی سبسڈی دی اور پاکستان میں تیل دبئی سے بھی سستا ہے لہٰذا جیسے جیسے ٹیکس بڑھے گا مزید مہنگائی سے پسے ہوئے طبقے کو اوپر لائیں گے۔

اسلام آباد میں احساس راشن پروگرام کی  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صحت کارڈ ہماری حکومت کا بہت بڑا پراجیکٹ ہے، سوائے سندھ کے پاکستان کے ہر خاندان کو اس ماہ کے آخر تک صحت کارڈ مل جائیگا، یہ کارڈ کسی بھی اسپتال میں چل سکتا  ہے۔

انہوں  نے کہا کہ غریب گھرانے میں کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ وہ پرائیوٹ اسپتال میں علاج کراسکے گا، مجھے ڈاکٹر نے فون کرکے بتایا کہ پہلی مرتبہ صحت کارڈ پر ہارٹ ٹرانسپلانٹ کیا گیا ہے، امیر ترین ملکوں میں بھی مفت ہیلتھ انشورنس نہیں ملتی لیکن صحت کارڈ دینے کا مقصدیہی ہے کہ ہمارا ملک مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنے۔

وزیراعظم کا  کہنا  تھا کہ پاکستان کا ٹیکس بڑھ رہا ہے اور ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا ہے، اگر ٹیکس نہ ہوتا تو بجلی، پیٹرول اور ڈیزل پر چھوٹ نہیں دے سکتے تھے، اس لیے جیسے جیسے ٹیکس بڑھے گا ہماری کوشش ہوگی کہ نچلے طبقے کو اوپر لائیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ مہنگائی صرف پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں مہنگائی کی  لہر ہے لیکن پاکستان اب بھی دنیا میں سستا ترین ملک ہے، دبئی میں تیل  ان کی اپنی زمین سے نکلتا  ہے مگر پاکستان میں ڈیزل اور پیٹرول دبئی سے سستا فروخت ہورہا ہے،  سارے برصغیر میں سب سے سستا تیل پاکستان میں ہے، ہم  نے یہ اس لیے سستا کیا کیونکہ تیل  مہنگا  ہونے سے ہر  چیز مہنگی ہوتی ہے، مہنگائی روکنے کے لیے تیل پر بڑی سبسڈی دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں جیسے ہی ٹیکس مزید بڑھے گا ہماری کوشش ہوگی کہ مہنگائی سے پسے ہوئے طبقے کی مدد  کریں۔

ان کاکہنا تھا کہ احساس راشن کا مقصد ہے کہ دو کروڑ خاندان اس پروگرام سے کریانہ اسٹور سے جاکر آٹا، گھی اور دالوں پر سبسڈی لے سکیں۔

مزید خبریں :